وزیرخزانہ محمداورنگزیب کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن، مہنگائی مسلسل کم ہورہی ہے، آئی ایم ایف پروگرام سےمعاشی استحکام برقرارر کھنے میں مدد ملے گی۔
اسلام آباد میں پاکستان سعودی عرب بزنس فورم سے خطاب میں وزیرخزانہ محمداورنگزیب نے کہا کہ ہم اس وقت معاشی محاذ پر بہترین پوزیشن میں آگئے ہیں اور ہم معاشی اصلاحات کی بہتری کے لیے مزید کام کر رہے ہیں۔ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں خاطرخواہ کمی آرہی ہے۔ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آئی ہے۔
وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ معاشی اصلاحات کی بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں اور نجی شعبے کی شراکت داری سے ملکی معیشت مستحکم کر سکتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی زیر قیادت ملکی معیشت میں استحکام آ رہا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ مہنگائی کی شرح بھی سنگل ڈیجیٹ میں آچکی ہے جو اس وقت 6.9 ہے۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے شرح سود میں مزید کمی ہوگی جس سے معاشی سرگرمیاں بحال ہوں گی۔ وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج تاریخ میں بلندی کا ریکارڈ بنا رہی ہے، کرنٹ خسارہ کم ہوا ہے اور کرنسی مستحکم ہوئی ہے، فارن انویسٹرز کی ادائیگیاں وقت پر کی گئی ہیں جبکہ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پچھلے 14 مہینے میں ہم میکرو اکنامک پر کام کر رہے تھے اور آج ہمارے میکرو اکنامک انڈیکٹر بہتر ہوئے ہیں، ہم نے اس میں اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروبار کے لیے سہولیات فراہم کرنا ہے۔