عالمی منڈیوں میں ستمبرکے دوران توانائی کی قیمتوں میں کمی آئی ہے تاہم اس کے برعکس زرعی مصنوعات اوردھاتوں کی قیمت میں عمومی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
عالمی بینک کی جانب سے پنک شیٹ کے عنوان سے قیمتوں بارے جاری ماہانہ رپورٹ کے مطابق ستمبر2024میں توانائی کی قیمتوں میں مجموعی طورپر7.1فیصدکی کمی ہوئی، یورپین قدرتی گیس کی قیمت میں ستمبرکے دوران 4.8فیصد اورخام تیل کی قیمت میں7.1فیصد کی کمی ہوئی،نان انرجی اشیاء کی قیمت میں مجموعی طورپر2.3فیصدکااضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق ستمبر2024میں زرعی مصنوعات کی قیمت میں 2.8فیصد کا اضافہ ہوا، اشیاء خوراک کی قیمتوں میں اضافہ کی شرح 3.1فیصدریکارڈ کی گئی ہے،ستمبرمیں مکئی کی قیمت میں 8.6فیصد اورگندم کی قیمت میں 7.5فیصد کا اضافہ ہوا۔
زیرجائزہ عرصے کے دوران مشروبات کی قیمت میں 1.4فیصد اضافہ جبکہ کھادوں کی قیمت میں 1.1فیصدکی کمی ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق دھاتوں کی قیمت میں اضافہ کی شرح 1.8فیصد ریکارڈ کی گئی،تانبا کی قیمت میں 3فیصد، ایلومینیم کی قیمت میں 4.5فیصد جبکہ چاندی کی قیمت میں 5.6فیصدکی نموریکارڈ کی گئی ہے۔