انگلش کرکٹ ٹیم کے بیٹر جو روٹ نے سابق کپتان الیسٹر کک کا ریکارڈ توڑتے ہوئے اہم اعزاز اپنے نام کرلیا۔
انگلینڈ کے بیٹر جو روٹ پاکستان کیخلاف ملتان ٹیسٹ میں شاندار اننگ کھیل کر انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
جو روٹ نے پہلی اننگ میں بیٹنگ کے دوران 71 واں رنز مکمل کرتے ہوئے سابق انگلش کپتان الیسٹر کک کا 12 ہزار 472 رنز کا ریکارڈ بھی توڑدیا۔
کک نے 161 ٹیسٹ میچز میں 12 ہزار 472 رنز بناکر انگلینڈ کیلئے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ جو روٹ نے یہ کارنامہ 147 ویں ٹیسٹ میچ میں سرانجام دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹیسٹ فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ بھارت کے سابق کپتان اور لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے جن کے 200 ٹیسٹ میچز میں 15 ہزار 921 رنز ہیں جبکہ آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ اس فہرست میں دوسری پوزیشن پر ہیں۔
رکی پونٹنگ نے ٹیسٹ کرکٹ میں 13ہزار 378 رنز بنائے تھے۔
روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی لسٹ میں پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔