سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد دو روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچے گا۔ وزارت داخلہ نے سعودی مہمانوں کو تمام رسمی کارروائیوں سے استثنی دے دیا۔ دورے کے دوران سعودی عرب سے دو ارب ڈالر انویسٹمنٹ کے معاہدے متوقع ہے۔
سعودی وفد کے دورے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔ سعودی وزیر پاکستانی قیادت سے ملاقاتوں کے علاوہ بزنس فورم سے خطاب بھی کریں گے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے وزراء سرمایہ کاری کی ملاقات بھی ہوگی، سعودی وزیر سرمایہ کاری اسلام آباد میں بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے، سعودی وزیر پاکستان کے نجی شعبے کی قیادت سے بھی بات چیت کریں گے۔
خالد بن عبدالعزیز توانائی و صحت کے سابق وزیر اور آرامکو کے سابق چیئرمین ہیں، وفد میں سعودی عرب کی تعمیراتی، انجینئرنگ، آئی ٹی کمپنیوں، مالی خدمات، زراعت، خوراک اور پیٹرولیم کی کمپنیوں کے نمائندے بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب وزارت داخلہ نے سعودی مہمانوں کو تمام رسمی کارروائیوں سے استثنی دے دیا، وزارت داخلہ کی ہدایت پر سعودی وفد کو ایئرپورٹ پر خصوصی پروٹوکول ملے گا، امیگریشن کو وفد کی آمد اور روانگی کے موقع پر کاغذی کارروائی نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سعودی وفد کی امیگریشن ڈیسک آمد پر تصاویر نہیں بنائی جائیں گی، مہمانوں کو ائیرپورٹ پر اسٹیٹ لاؤنج کی سہولت،کسٹم کلیئرنس سے بھی استثنی ملے گا، وزارت خارجہ نے سعودی سفارت خانہ کی خواہش پر وزارت داخلہ کو درخواست دی تھی۔