کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( سی ڈی اے ) کی جانب سے خیبرپختونخوا ہاؤس مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔
خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد کے اندر غیر قانونی تعمیرات کا انکشاف ہوا جس پر سی ڈی اے کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ہاؤس کو مکمل طور پر سیل کر دیا ہے۔
سی ڈی اے نے اسپیشل مجسٹریٹ سردار آصف کی نگرانی میں کارروائی کی جبکہ اسسٹنٹ کمشنر بھی سی ڈی اے ٹیم کے ہمراہ تھے۔
ترجمان سی ڈی اے کے مطابق بلڈنگ رولز کی خلاف ورزی اور لیز پوری ہونے پر کارروائی کی گئی، خیبرپختونخوا ہاؤس کی لیز جون 2006ء میں ختم ہوگئی تھی جس کے بعد فروری اورجون میں بھی نوٹسز بھیجے گئے تھے۔
ترجمان نے بتایا کہ بار بار نوٹسز کے باوجود کے پی حکومت نے این او سی جمع نہیں کرایا۔
دوسری جانب فیملی بلاک میں رہائش پزیر فیملیز کو 24 گھنٹے میں خالی کرنے کا نوٹس دے دیا گیا اور حکام کے مطابق 24 گھنٹے میں خالی نہ کرنے پر کارروائی ہوگی۔