کراچی ایئرپورٹ کے باہر سگنل کے قریب زور دار دھماکے میں دو چینی شہری ہلاک ہوگئے۔ دھماکے میں ایک رینجرز اور پولیس اہلکار سمیت 17 افراد زخمی ہوگئے ۔ 10 سے زائد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
تحقیقاتی اداروں نے ابتدائی تفتیش مکمل کرلی ۔ قافلہ قریب پہنچتے ہی دہشت گرد نے کار غیرملکیوں کی گاڑی سے ٹکرا دی۔ خودکش حملہ آور قافلے کے نکلنے کا انتظار کررہاتھا، کار میں ممکنہ طور پر بارود تھا جس سے گاڑی مکمل تباہ ہوگئی۔ کار کی نمبر پلیٹ، چیسس نمبر حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
جائے وقوعہ کے قریب جھاڑیوں سے ایک دھڑ ملا ہے ۔ پولیس ذرائع کا کہنا دھڑ ممکنہ طور پر خودکش بمبار کا ہوسکتا ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ کو سیل کرکے تحقیقات شروع کر دیں۔
واقعے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، مرنے والے غیرملکیوں کی شناخت لی جون، وہ چون زن اور لی زہاو کے نام سے ہوئی ۔ سی ٹی ڈی سمیت دیگر اداروں کی تحقیقات کے بعد حقائق سامنے آئیں گے۔
دوسری جانب چینی سفارتخانے نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں دو چینی باشندے ہلاک اور ایک زخمی ہوا، پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی کےلئے کام کرنے والے ورکرزنشانہ بنے، پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر صورتحال سے نمٹ رہے ہیں۔
چینی سفارتخانہ کے بیان میں حملے کی مکمل تحقیقات اور چینی باشندوں کی حفاظت کا مطالبہ کیا گیا ہے، چینی حکام کے مطابق حملے میں ملوث عناصر کو کڑی سزا ملنی چاہیئے۔ پاکستان میں چینی شہریوں، کاروباری اداروں اور پراجیکٹس کو چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، سیکیورٹی اقدامات مزید مضبوط بناتے ہوئے ہر ممکن تدابیر اختیارکی جائے۔