پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ہم چیمپئنز ٹرافی کے لئے تیار ہیں اور سب ٹیمیں یہاں ( پاکستان ) آئیں گی۔
اتوار کو چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے رات گئے قذافی سٹیڈیم کا تفصیلی دورہ کیا اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا جبکہ کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ایک دیوار کے علاوہ قذافی اسٹیڈیم بلکل نیا بننے جارہاہے، ابھی تک اسٹیڈیم کی تعمیرنو کے ٹارگٹ پر ہیں، ڈھائی مہینے بہت اہم ہیں ہم قذافی اسٹیڈیم تیار کرلیں گے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ہم چیمپئنز ٹرافی کے لئے تیار ہیں اور سب ٹیمیں یہاں آئیں گی، امید ہے بھارتی ٹیم بھی چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان آئے گی ، بھارتی ٹیم کے پاس کوئی ایسی وجہ نہیں کہ وہ نہ آئیں، بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر آرہے ہیں جب آئیں گے تو دیکھیں گے۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی میں چند لوگ آرہے ہیں، میں صرف ہدایت دے سکتا باقی مینٹورز کا فیصلہ ہے کہ ٹیم میں کس کو شامل کرنا ہے اور کس کو نہیں۔