اسلام آباد پولیس کے سربراہ علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں شرپسندوں کی ہر پناہ گاہ تک پہنچیں گے اور ہر شر پسند کو گرفتار کریں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی پولیس علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پر چڑھائی کی قیادت وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کی اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کا پروگرام احتجاج کا نہیں بلکہ انتشار اور دھاوا بولنے کا تھا۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ شر پسندوں نے انتشار پھیلانے کیلئے ہر ممکن حربہ استعمال کیا جس پر وفاقی پولیس نے 10 مقدمات درج کر کے 878 شرپسند گرفتار کیے ہیں جن میں 120 افغان شہری شامل ہیں، صوبے کے سرکاری وسائل ہی نہیں بلکہ کے پی پولیس کا اسلحہ بھی استعمال ہوا۔
علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والوں میں خیبرپختونخوا پولیس کے 8 حاضر سروس جوان بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کے پی ہاؤس سے ہمیں غلیلیں، آنسو گیس کے گولے ، پتھر اور سرکاری اسلحہ ملا، اسلام آباد میں شرپسندوں کی ہر پناہ گاہ تک پہنچیں گے اور ہر شر پسند کو گرفتار کریں گے۔