وزارت بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف سے کمیٹی کی کارکردگی سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں۔
وزارت بین الصوبائی رابطہ نے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کو شوکاز نوٹس جاری کیا ہے جس میں ان سے جامع رپورٹ طلب کی گئی ہے۔
ذکاء اشرف کو جاری کئے جانے والے نوٹس میں سوال کیا گیا ہے کہ مینجمنٹ کمیٹی نے 4 مہینے میں کون سے کام کئے ہیں تمام تر تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔
نوٹس کے مطابق وزارت کی جانب سے پوچھا گیا کہ بورڈ آف گورنرز کے لئے ڈیپارٹمنٹس اور ریجن کے نمائندوں کے تقرر کے لئے کیا معیار رکھا گیا اور چیئرمین پی سی بی کے الیکشن کے لئے اب تک مینجمنٹ کمیٹی نے کیا اقدامات کئے ہیں۔
نوٹس میں ذکاء اشرف کے دور میں بورڈ میں ہونے والی مستقل اور عارضی تعیناتیوں اور مینجمنٹ کمیٹی کے دور میں ہونے والے تمام اخراجات کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ ذکاء اشرف کی سربراہی میں وزیراعظم نے 5 جولائی کو 4 مہینوں کے لئے مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دی تھی۔