عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کے برعکس پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں بڑی کمی ہوگئی۔
آل سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق 24 کیرٹ فی تولہ سونا 7 ہزار 800 روپے کی کمی سے ایک لاکھ97 ہزار200 روپے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 6 ہزار 684 روپے کی کمی سے ایک لاکھ 69 ہزار 70 روپے ہوگئی۔
دوسری جانب مقامی مارکیٹ کے برعکس عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان ہے، عالمی منڈی میں آج فی اونس سونے کا ریٹ 13 ڈالر بڑھ کر 1885 ڈالر ہوگیا۔
سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر ہارون چاند کا کہنا ہے کہ سٹے بازوں کے جاری کردہ سونے کے ریٹس قبول نہیں، ملک بھر کیلئے سونے کے ریٹس کراچی سے سندھ صرافہ ایسوسی ایشن جاری کرتی ہے۔ مطالبہ کیا کہ سیکیورٹی ادارے سٹے باز مافیا کے جاری کردہ سونے کے من مانے ریٹس کا نوٹس لیں۔
واضح رہے کہ ایک ماہ کی طویل بندش کے بعدگزشتہ روز سے سونے کے ریٹ جاری ہونا شروع ہوئے ہیں، اس سے قبل ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا تھا کہ سونے کی قیمتیں آئندہ کےلیے انٹر بینک کے ساتھ منسلک کرکے جاری کریں گے۔