گلگت بلتستان میں پہلے خلائی ایپلی کیشن اور ریسرچ سینٹر کا افتتاح کردیا گیا۔ سپارکو حکام کے مطابق جدید ریسرچ سینٹر گلیشئرز پگھلنے کی نگرانی کرے گا ۔
اعلامیہ کے مطابق گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ گلبر خان نے پاکستان کے پہلے خلائی تحقیقاتی مرکز کا افتتاح کیا ۔ سپارکو حکام کا کہنا ہے کہ یہ مرکزجی بی میں موسمیاتی تبدیلی اور گلیشیئر کے پگھلنے کی نگرانی کرے گا ۔ سینٹر گلگت میں ماحولیاتی، سماجی اور اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے میں بھی مددگار ہوگا ۔
سینٹر کے قیام سے ماحولیاتی چیلنجز کی سیٹلائٹ نگرانی مضبوط بنائی جا سکے گی ۔ تحقیقاتی مرکز لینڈسلائیڈنگ کے متعلق ڈیٹا بھی فراہم کرے گا ۔ قدرتی آفات سے بچاؤ کیلئے بین الاقوامی تحقیقاتی تنظیموں کےساتھ تعاون کرے گا۔ مقامی کمیونٹی کی حمایت کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا ۔