پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
قومی وائٹ بال ٹیم کے کپتان بابر اعظم کپتانی سے مستعفی ہوگئے ہیں اور انہوں نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری خصوصی بیان میں اپنے فیصلے کا اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے جاری اپنے بیان میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بطور کھلاڑی کردار ادا کرنا چاہتا ہوں، پاکستان ٹیم کی کپتانی کرنا اعزاز تھا، اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کپتانی کی وجہ سے ورک لوڈ کافی زیادہ ہوگیا تھا، میں اپنی بیٹنگ پر توجہ دینا چاہتا ہوں۔
لازمی پڑھیں۔ لیجنڈری کرکٹر ظہیر عباس کا بابر اعظم کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کا مطالبہ
ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ سب کا مجھ پر یقین کرنے اور سپورٹ کرنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور ہم نے ٹیم ہونے کے ناطے جو حاصل کیا اس پر فخر ہے۔
یاد رہے کہ بابر اعظم ورلڈکپ 2023 میں شکست کے بعد تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے دستبر دار ہو گئے تھے جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی کو ٹی 20 اور شان مسعود کو ٹیسٹ فارمیٹ کی کپتانی سونپی گئی تھی لیکن ون ڈے ٹیم کے کپتان کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا۔
بعدازاں، رواں برس پی سی بی نے بابر اعظم کو ایک بار پھر سے ون ڈے ٹیم کا کپتان بنایا تھا۔