عوام پاکستان پارٹی کے کنوینیئر شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف کے پاس خاموشی کا آپشن نہیں ان کی دو جگہ حکومت ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو اور ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عوام پاکستان پارٹی کے کنوینیئر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے پاس خاموشی کا آپشن نہیں ہے، دو صوبوں میں ان کی حکومت ہے اور تیسرے میں وہ شراکت دار ہیں اس لئے آج اگر وہ خاموش رہتے ہیں تو کل ان کوجواب دینا پڑے گا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اگر نوازشریف خاموش ہیں تو فیصلے ان کے چل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اپنے راستے سے ہٹ گئے ہیں، ایک عزت کا راستہ ہے اور دوسرا راستہ نوکری کا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت والے ایک شخص چیف جسٹس نہ بن سکے اس لئے ترمیم لانا چاہتے ہیں، دنیا کا ایک ملک دکھا دیں جس میں پڑھے بغیر قانون پاس ہوتے ہیں، ساڑھے 400 سینیٹر ہیں لیکن کسی نے آئینی ترمیم نہیں دیکھی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن مسئلے کا حل نہیں رہا الیکشن چوری کرلئے جاتے ہیں، جو آج قانون بنا رہے ہیں کل اس کے تحت اندر ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور اگر قانون توڑتے ہیں تو حراست میں لیں۔