امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ میں واحد لیڈر ہوں جو دنیا کو تیسری جنگ عظیم سے روک سکتا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے اسرائیل کے خلاف شروع کئے جانے والے آپریشن طوفان الاقصیٰ پر موجودہ صدر جو بائیڈن کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں لڑائی کی وجہ قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔حماس کے حملوں کا جواب دینا اسرائیل کا فرض ہے، جوبائیڈن
ٹرمپ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ بائیڈن ہماری تاریخ کے کرپٹ ترین اور انتہائی نا اہل صدر ہیں، اسرائیل پر حماس کے حملے کی وجہ بائیڈن ہیں، انہوں نے ایران پر میری لگائی گئی پابندیوں کو ہٹایا اور ان کی وجہ سے ایران نے ایک سال میں 80 ارب ڈالر کمائے۔
سابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہم تیسری جنگ عظیم کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں، آج سے پہلے تیسری جنگ عظیم کا کبھی اتنا خطرہ نہیں تھا اور ایک ایسا شخص ہماری قیادت کر رہا جو نہ بول سکتا ہے نہ اسٹیج سے اتر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں واحد لیڈر ہوں جو دنیا کو تیسری جنگ عظیم سے روک سکتا ہے۔
دوسری جانب سابق امریکی صدر نے اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
فاکس نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ حماس کے حملوں سے نمٹنے کے لئے یاہو اور اسرائیل تیار نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حماس کے حملوں نے نیتن یاہو کو بہت بری طرح چوٹ پہنچائی ہے۔