بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ اس وقت سپریم کورٹ اور معیشت سمیت پورا نظام ڈول رہا ہے۔
اڈیالہ جیل میں میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ حکومت ملک کا بیڑا غرق کرنے کے بعد اب سپریم کورٹ کو تباہ کررہی ہے۔ یہ چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کے ججز بھی تابع ہوجائیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ 8 فروری کے انتخابات کو پوری دنیا نے فراڈ الیکشن کہا، 9 مئی واقعات میں آگ انہوں نے خود لگائی، یہ چاہتے ہیں پی ٹی آئی کسی بھی طرح سے اوپرنہ آئے۔
بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کا کام بنیادی حقوق کا تحفظ کرنا ہوتا ہے، کل سے جو ہورہا ہے واضح ہے، چیف جسٹس اور چیف الیکشن کمشنر ایک ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر کو پتہ ہے اس پر آرٹیکل 6 لگے گا اسی لیے وہ الیکشن فراڈ کو دبا رہا ہے۔