بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کو چانسلر کا انتخاب لڑنے سے روکنے کیلئے آکسفورڈ یونیورسٹی میں نئی پٹیشن جمع کرادی گئی۔
مسلم لیگ نواز کے چیئرمین یوتھ کوآرڈینیٹر خرم بٹ نے وائس چانسلر کے دفتر میں نئی دستاویزات کے ساتھ پٹیشن جمع کرائی جس میں یونیورسٹی سے استدعا کی گئی ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو چانسلر کا انتخاب لڑنے کی اجازت ہی نہ دی جائے۔
پٹیشن میں دعویٰ کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی آکسفورڈ یونیورسٹی اور چانسلر کے انتخاب کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
خرم بٹ نے آکسفورڈ یونیورسٹی کے مختلف کالجز میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف پمفلٹ بھی تقسیم کیے جن میں کیبل کالج ، بیلیل کالج ، لیڈی مارگریٹ ہال ، ٹرینیٹی کالج اور مارٹن کالج شامل ہیں۔
خرم بٹ مختلف طلبا سے ملے اور بانی پی ٹی آئی کے خلاف پاکستان میں چلنے والے مقدمات اور دیگر ایشوز سے آگاہ کیا جبکہ طلبہ سے گفتگو کرتے ہوے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو آکسفورڈ یونیورسٹی کے الیکشن دوڑ سے باھر نکالنا ضروری ہے۔
خرم بٹ نے یونیورسٹی کو بانی پی ٹی آئی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز کیس کے بارے میں مطلع کیا ہے اور انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ ان کی درخواست پر نیشنل کرائم ایجنسی نے بھی آکسفورڈ یونیورسٹی کو 190 ملین پاؤنڈز کیس کے حوالہ سے آگاہ کردیا ہے۔
خرم بٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی ایک متنازع شخصیت ہیں، جن پر مالی بد عنوانیوں کا الزمات ہیں، انہوں نے مبینہ طور پر ملکی دولت کو لوٹا اور انکے خلاف متعدد کیسز اس وقت زیر سماعت ہیں، ان جیسے شخص کا آکسفورڈ یونیورسٹی کے انتخابات میں حصہ لینا پاکستان کی بدنامی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے خواتین کے بارے میں غیر اخلاقی بیانات دئیے ،انہیں طالبان کا حمایت یافتہ لیڈر سمجھا جاتا ہے اور انکے دور اقتدار میں طالبان کے اہم دھشت گردوں کو رہا کیا گیا، ان کی طالبان سے محبت کا خمیازہ آج ساری قوم دہشت گردی کی صورت میں بھگت رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی منفی سوچ اور رویہ کی وجہ سے نو مئی جیسا سانحہ پیش آیا، جس سے پوری دنیا میں پاکستان کا نام بدنام ہوا، بانی پی ٹی آئی کا مقصد صرف اقتدار ہے پاکستان کی سلامتی اور استحکام سے انکا کوئی تعلق نہیں، بانی پی ٹی آئی اور ان کے حمایتی آج بھی پاکستان توڑنے کی باتیں کر رہے ہیں جو افسوسناک عمل ہے۔
خرم بٹ کا مزید کہنا تھا کہ ہم بانی پی ٹی آئی کے مذموم مقاصد کو پایہ تکمیل تک نہیں پہنچنے دیں گے۔