سابق اسپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کو برقرار رکھتے ہوئے پارلیمنٹ کی قانون سازی کو درست قرار دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کےفیصلےسےپارلیمنٹ کی عزت اورتکریم میں اضافہ ہوا،پارلیمان کی قانون سازی کو برقراررکھنے کافیصلہ آئین کی بالادستی کا فیصلہ ہے،آج کےفیصلے نےپارلیمان اورسپریم کورٹ کی توقیرمیں مزیداضافہ کیاہے۔
یہ بھی پڑھیں :۔سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ برقرار، مخالفت میں تمام درخواستیں مسترد
سابق سپیکر نے کہا کہ پارلیمان آئین کےمطابق عوام کی فلاح و بہبود کیلئےقانون سازی کرتا ہے،آج کےفیصلےسےآئین کی بالادستی میں اضافہ ہوگا،جمہوریت مزیدمضبوط ہوگی۔
راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ پارلیمان نے ہمیشہ ملک اورقوم کےمفاد میں قانون سازی کی ہے،پارلیمان کی عزت اور تکریم میں اضافے سے ملک ترقی کرے گا۔
واضح رہے کہ آج سپریم کورٹ آف پاکستان نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کو برقرار رکھتے ہوئے پارلیمنٹ کی قانون سازی کو درست قرار دے دیا، ایکٹ کیخلاف عدالت عظمیٰ میں دائر تمام درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 5-10 کی اکثریت سے دیا گیا فیصلہ پڑھ کر سنایا۔