آئی سی سی کے پانچ رکنی وفد نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور چیمپئنز ٹرافی دوہزار پچیس کے لیے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا.
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کے جی ایم کرکٹ، سیکیورٹی، براڈکاسٹ اور ایونٹ منیجرز پر مشتمل وفد نے اسٹیڈیم کے سیکیورٹی انتظامات اور نئے بننے والے انکلیوژر کا جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی وفد نے راولپنڈی سٹیڈیم میں کیے گئے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا اور وزٹ کے حوالے سے لیٹر بھی انتظامیہ کے حوالے کر دیا ہے۔
وفد آئندہ چند روز میں لاہور، ملتان، اور فیصل آباد کرکٹ گراؤنڈز کا بھی دورہ کرے گا، جس کے بعد اپنی سفارشات آئی سی سی کو بھیجے گا۔ اس دورے کا مقصد چیمپئنز ٹرافی دوہزار پچیس کے لیے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔ وفد نے سٹیڈیم میں تعمیراتی کاموں کی تکمیل کے حوالے سے بھی سوالات کیے اور پی سی بی حکام سے بریفنگ حاصل کی۔