خیبرپختونخوا کراٹے ٹیم کے حالیہ دورۂ روس کے دوران چند کھلاڑیوں کے مبینہ طور پر غائب ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے تحقیقات شروع کر دی ہیں
ایف آئی اے حکام کے مطابق موصولہ شکایت میں بتایا گیا ہے کہ ماسکو میں منعقد ہونے والے نیشن کپ کراٹے ٹورنامنٹ کے دوران ٹیم کے چند کھلاڑی اور اراکین مبینہ طور پر غائب ہوگئے۔
شکایت میں یہ بھی الزام عائد کیا گیا ہے کہ ٹیم میں غیر متعلقہ افراد کو شامل کر کے انہیں یورپ فرار کرانے کی کوشش کی گئی۔
حکام کے مطابق لنڈی کوتل، ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے کچھ کوچز اور اراکین کے حوالے سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ماسکو ایونٹ میں شرکت کرنے والی ٹیم کے تمام اراکین کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق تمام کھلاڑیوں اور ٹیم اراکین سے بھی پوچھ گچھ کی جائے گی اور اگر کسی بھی قسم کی بے ضابطگی یا انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے شواہد ملے تو ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



















