پاکستان کےصوبے بلوچستان کے ابھرتے ہوئے ایم ایم اے اسٹار شاہزیب رند نے تاریخ رقم کرتے ہوئے سنگاپور میں منعقدہ ورلڈ کراٹے کومبیٹ KC-49 چیمپئن شپ جیت لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق "کنگ خان" کے لقب سے مشہور شاہزیب نے اپنے برازیلی حریف ’لوئز وکٹر روچا ‘کو شکست دے کر کراٹے کومبیٹ لائٹ ہیوی ویٹ چیمپئن شپ کا عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
یہ فتح پاکستان کے لیے بین الاقوامی مارشل آرٹس کے میدان میں ایک بڑی کامیابی سمجھی جا رہی ہے۔ سنگاپور میں پاکستانی ہائی کمشنر محترمہ رابعہ شفیع نے شاہزیب رند کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور ان کی کامیابی کو قومی فخر قرار دیا۔
اپنے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کیے گئے پیغام میں انہوں نے شاہزیب کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستانیوں کو شاہزیب کی حمایت میں آگے آنے کی ترغیب دی۔
شاہزیب رند مارشل آرٹس کی دنیا میں کوئی نیا نام نہیں ہیں۔ سنگاپور میں فتح سے قبل، وہ امریکہ میں کراٹے کومبیٹ کی دنیا کی سب سے بڑی فل کانٹیکٹ اسٹرائیکنگ لیگ بھی جیت چکے ہیں۔ اس کے علاوہ، وہ چھ بار کے قومی چیمپئن بھی ہیں، جو ان کی کھیل میں مہارت اور غلبے کا ثبوت ہے۔
اگرچہ شاہزیب رند نے کئی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، لیکن ان کے عزائم اس سے بھی کہیں بڑے ہیں۔ چند ماہ قبل ایک مقامی نیوز آؤٹ لیٹ کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے اپنے حتمی مقصد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا، "میرا حتمی ہدف عالمی چیمپئن بننا ہے، یا کم از کم اس کے قریب پہنچنا ہے۔" سنگاپور میں یہ کامیابی ان کے خواب کی جانب ایک اہم قدم ہے، اور وہ عالمی سطح پر اپنی شناخت کو مزید مستحکم کر رہے ہیں۔