وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے وفد نے ملاقات کی ہے جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں پیپلز پارٹی کی جانب سے نوید قمر اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب شریک تھے جبکہ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر ِاطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ اور اٹارنی جنرل نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے اور پیپلزپارٹی نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے ہر اقدام میں ساتھ دیا ہے۔
وزیراعظم نے بلاول بھٹو کی پارلیمنٹ میں چارٹر آف پارلیمنٹ کی تجویز کو سراہا اور کہا کہ تجویز سے جمہوریت اور پارلیمنٹ مزید مضبوط ہوگی۔
پیپلز پارٹی کے وفد نے معاشی استحکام کیلئے حکومتی پالیسیوں کی تعریف کی اور حکومتی پالیسیوں اور اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔