عوام پاکستان پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے جلسے سے خائف ہو کر کالے قانون بنائے جا رہے ہیں۔
بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرس کرتے ہوئے چیئرمین عوام پاکستان پارٹی اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پوری قومی اسمبلی ایک ایس ایچ او کی مار ہے اور اگر وہ فیصلہ کرلے کہ اسمبلی غیرقانونی ہوگئی تو کوئی روکنے والا نہیں ۔
چیئرمین عوام پاکستان پارٹی کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ایسے کام کئے جا رہے ہیں جو مارشل لا دور میں بھی نہیں ہوئے، اپوزیشں سے خائف ہو کر کالے قانون بنائے جا رہے ہیں اور اسلام آباد کے عوام کا آزادانہ اجتماع کا حق چھین لیا گیا ہے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹیرینز اپنے آپ کو ایک ڈپٹی کمشنر ( ڈی سی ) اور ایس ایچ او کے تابع کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کیا ایسے قانون کو پاس کرنے والے ارکان میں شرم نہیں ہے؟ ، الیکشن ترمیمی ایکٹ سپریم کورٹ کے فیصلے کی مکمل نفی ہے، آج عدلیہ اور پارلیمان ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ خود کہہ دیں، وہ ایکسٹینشن نہیں لیں گے، اگر چیف جسٹس ایسا کریں گے تو تاریخ اُن کو یاد رکھے گی۔