انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں سابق کپتان بابراعظم کو زور دار جھٹکالگا ہے اور وہ تین درجے تنزلی کا شکار ہو گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظإ تین درجے تنزلی کے بعد 12 ویں نمبر پر آ گئے ہیں جبکہ بنگلہ دیش کے لٹن داس نے پاکستان کے خلاف بہترین کارکردگی دکھا کر رینکنگ میں لمبی چھلانگ لگائی اور 12 درجے ترقی کرتے ہوئے 15 ویں نمبر پر آ گئے ہیں ۔
بہترین دس بلے بازوں کی فہرست میں انگلینڈ کے جوئے روٹ 922 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں اور مستقبل قریب میں ان کی پوزیشن کو کوئی خطرہ بھی دکھائی نہیں دیتا ، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن دوسری ، مچل ڈیرل تیسری پوزیشن پر ہیں۔ آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ ایک درجہ ترقی کے بعد چوتھی اور انگلینڈ کے ہنری بروک ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں نمبر پر چلے گئے ہیں ۔ بھارت کے روہت شرما چھٹے ، یشوی جیسوال ساتویں اور ویرات کوہلی آٹھویں نمبر پر ہیں ۔آسٹریلیا کے عثمان خواجہ ایک درجہ ترقی کے بعد نویں نمبر پر آ گئے ہیں ۔ پاکستان کے محمد رضوان اور آسٹریلیا کے مارنس لبوشین 10 ویں نمبر پر براجمان ہیں ۔
ٹاپ 10 باولرز کی فہرست میں پہلے 8 نمبرز میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور بھارت کے ایشون پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں تاہم سری لنکا کے فرنینڈو نے لمبی چھلانگ لگائی اور 9 درجے ترقی کرتے ہوئے آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی ایک درجہ تنزلی کے بعد ٹاپ ٹین سے باہر ہو کر 11 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں ۔
ٹیسٹ آل راؤنڈرز رینکنگ میں رویندر جڈیجا کی پہلی اورروی چندرن ایشون کی دوسری پوزیشن ہے۔ بنگلادیش کے مہدی حسن میراز کی رینکنگ میں 3 درجے بہتری ہوئی جس کے بعد وہ7 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔