نئے سرکاری ملازمین کیلئے کنٹری بیوٹری پنشن فنڈ اسکیم متعارف کرا دی گئی۔
وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن مطابق اسکیم کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے ہوگا۔ کنٹری بیوٹری پنشن فنڈ اسکیم کا اطلاق سول ملازمین کیلئے ہوگا۔ دفاعی بجٹ سے تنخواہ لینے والے سویلین ملازمین پر اسکیم کا اطلاق یکم جولائی دوہزار پچیس سے ہوگا۔
نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کنٹری بیوٹری اسکیم میں 10 فیصد بنیادی تنخواہ سے حصہ دیں گے جبکہ وفاقی حکومت کنٹری بیوٹری پنشن فنڈ اسکیم میں 20 فیصد حصہ ڈالے گی۔
اس سے قبل اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پے اینڈ پنشن کمیشن کی سفارشات پر پنشن اسکیم میں ترامیم کی منظوری دی تھی۔
ای سی سی نے پنشن اسکیم میں ترامیم یکم جولائی 2024 سے لاگو کرنے کی سفارش کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم جولائی سے آنے والے نئے ملازمین کے لیے کنٹری بیوٹری پنشن اسکیم متعارف کرائی جائے گی، موجودہ پنشنرز کے لیے بھی نئے رولز متعارف کرائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ پنشن بہت بڑا بوجھ ہے، وقت کے ساتھ ساتھ ہمیں سروس اسٹرکچر میں تبدیلی کرنا ہوگی تاکہ پنشن کا خرچہ آہستہ آہستہ ہمارے قابو میں آئے۔