قومی اسمبلی نے نجکاری کمیشن ترمیمی بل 2024 کی کثرتِ رائے سے منظوری دے دی۔
ترمیمی بل وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے پیش کیا جبکہ بل میں کہا گیا ہے کہ نجکاری کمیشن ایکٹ کے تحت تین رکنی ٹریبونل قائم کیا جائے گا جسے نجکاری سے متعلق امور پر فیصلہ کرنے کا اختیار حاصل ہو گا ۔
ترمیمی بل کے متن کے مطابق سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج کو ٹربیونل کا سربراہ مقرر کیا جائے گا جبکہ ایک رکن ٹیکنیکل اور ایک ماتحت عدلیہ سے لیا جائے گا ۔
ٹریبونل کے فیصلے پر 60 دن میں سپریم کورٹ سے رجوع کیا جا سکے گا جبکہ ٹریبونل کے سربراہ اور ارکان کی تعیناتی تین سال کی مدت کے لئے ہو گی ۔
نجکاری کمیشن ایکٹ میں ہائیکورٹ کو دیئے گئے اختیارات ٹریبونل کو منتقل کردیئے گئے ہیں اور ٹریبونل کو ضابطہ دیوانی اور فوجداری کے تحت کام کرنے کا مجاز ہو گا ۔
دیوانی کیسز میں سول کورٹ اور فوجداری کیسز میں کریمنل کورٹ کے اختیارات حاصل ہوں گے ۔