راولپنڈی میں جاری بنگلا دیش کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگ میں پاکستان کی پوری ٹیم 274 رنز پر ڈھیر ہوگئی جبکہ بنگلہ دیش نے پہلی اننگ میں بغیر کسی نقصان کے 10رنز بنا لیے ہیں۔
بنگلہ دیش کے شادمان اسلام6 رنز اور ذاکر حسن بغیر کوئی سکور کیے کریز پر موجود ہیں۔
دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کی جانب سے عبد اللہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا۔
عبد اللہ شفیق پہلے ہی اوور میں تسکین احمد کی گیند پر صفر پر بولڈ ہو گئے جس کے بعد صائم ایوب اور کپتان شان مسعود کے درمیان 107 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
شان مسعود 57 رنز بنا کر مہدی حسن میراز کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے جبکہ صائم ایوب بھی 58 رنز کی اننگ کھیل کر میراز کے ہی ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔
دیگر بیٹرز میں سعود شکیل 18، بابر اعظم 31 ، محمد رضوان 29 خرم شہزاد 12 ، محمد علی 2 ، سلمان آغا 54 رنز کی اننگ کھیل سکے اور ابرار احمد نے 9 رنز کی اننگ کھیلی۔
بنگلادیش کی جانب سے مہدی حسن نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ تسکین نے 3، ناہید اور شکیب الحسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
بنگلہ دیش کو دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
یاد رہے کہ دوسرا ٹیسٹ چار دن پر مشتمل ہے، میچ کا پہلا روز بارش کی نذر ہو گیا تھا ۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کو دوسرے ٹیسٹ کے لئے ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا ہے ۔