پاکستان میں حکام کے کریک ڈاؤن کے باوجود مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں کمی کے بعد ایک بار پھر بڑا اضافہ ہوگیا۔
پیر کو 24 قیراط سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 ہزار 400 روپے اضافے سے 2 لاکھ روپے پر آگیا۔
رپورٹ کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت 3 ہزار 750 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 71 ہزار 470 روپے ہوگئی۔
دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں آج سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان رہا، جو ایک ہزار 849 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا۔
پاکستان میں سیاسی اور معاشی غیریقینی صورتحال اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث سونے کی قیمت میں بھی اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عوام محفوظ سرمایہ کاری کیلئے سونے کی خریداری کو ترجیح دے رہے ہیں۔
غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث مافیا کیخلاف سخت کارروائی کے نتیجے میں مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں تیزی سے کمی واقع ہوئی۔
گزشتہ ہفتے سونے کی قیمت ایک لاکھ 88 ہزار روپے فی تولہ تک گر گیا تھا تاہم اس میں دوبارہ اضافہ ہورہا ہے۔
پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت گزشتہ ماہ دو لاکھ 30 ہزار روپے تک پہنچ گئی تھی۔
یو اے ای میں بھی سونے کی قیمت میں 1.01 فیصد اضافہ ہوگیا، متحدہ عرب امارات میں 24 قیراط سونا 222 درہم سے بڑھ کر 224.25 درہم پر پہنچ گیا۔