اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں وکلائے صفائی کی عدم حاضری کے باعث تفتیشی گواہ پر دسویں مرتبہ بھی جرح نہ ہو سکی ۔ عدالت نے جرح کیلئے ایک اور موقع دیتے ہوئے سماعت انتیس اگست تک ملتوی کر دی۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کی۔ نیب کے وکلا نے کہا کہ دسویں سماعت ہے وکلائے صفائی گواہ پر جرح مکمل نہیں کر رہے۔ 12 وکلا کے وکالت نامے موجود ہیں،جو حاضر ہیں ان کی حاضری لگائیں اور پوچھیں کہ یہ اس رہفرنس میں وکیل ہیں یا نہیں۔ وکلائے صفائی نے کہا ہم اس ریفرنس میں وکیل ہیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ پھر آپ جرح کیوں نہیں کر رہے؟ عدالت میں موجود وکلا نے کہا کہ جرح مرکزی وکیل ہی کریں گے۔ جج ناصر جاوید رانا نے دسویں مرتبہ نیب گواہ پر جرح نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ کہا عدالت میں ہر تاریخ پر میڈیا ٹاک ہوتی ہے،سیاسی قیادت ملاقات بھی کرتی ہے۔
عدالت نے کہا کہ پراسیکیوشن سمیت 200 سے زائد ملازمین تعینات کیے جاتے ہیں، صرف ریفرنس کی کارروائی آگے نہیں بڑھتی۔ اگروکلائے صفائی حاضرنہیں ہوں گےتوہمارے پاس قانونی پراسس کےعلاوہ کوئی آپشن نہیں۔
دوران سماعت بشریٰ بی بی نے بتایا کہ میری بیرک میں چوہے ہیں۔ میں نماز پڑھتی ہوں تو چوہے چھت سے گرتے ہیں۔ عدالت نے تفتیشی گواہ پر جرح کے لیے وکلائے صفائی کو مزید ایک موقع دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔