وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی وحدت کو خطرہ ہے ، ہر صورت دفاع کریں گے ۔
اپنے حالیہ بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ملک میں بیرونی ایجنڈے پر کام ہو رہا ہے ، اس کا بھرپور مقابلہ کریں گے اور پاکستان کی وحدت کو خطرہ ہے جس کا ہر صورت دفاع کریں گے ۔
وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کا جلسہ کامیاب ہونا ہوتا تو یہ کبھی اسے منسوخ نہ کرتے، پی ٹی آئی میں تقسیم اور اختلافات واضح ہوتے جا رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی سے لے کر نیچے تک ان کی پارٹی میں سب چور ہیں، علی امین گنڈاپور اور ان کی کابینہ ایک دوسرے کو چور کہہ رہے ہیں، انکے تضادات سب کے سامنے ہیں ۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جلسے کی منسوخی کے بعد بشریٰ بی بی اور دیگر کی گفتگو سامنے آئی ، سیاسی ماحول ہروقت گرم رہتا ہے، کوئی زہر دے رہا ہے نہ ان کی سپرنٹنڈٹ سے کوئی گفتگو ہوئی، ان کی گفتگو نے ملک سے خلوص پر بہت بڑا سوالیہ نشان لگا دیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ کروڑوں لوگوں نے 9 مئی دیکھا ، یہ کہتے ہیں ہم نہیں تھے، 9 مئی کو ہونے والے واقعات بغاوت تھی، 9 مئی کو للکارنے والے کسی مسجد یا چیریٹی شو کے باہر تھے؟ یاسمین راشد گاڑی کے اوپر بیٹھی ہوئی تھیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی اخبارات میں پیسے دے کر آرٹیکل چھپوائے گئے، ملک کے خلاف بغاوت کا بیانیہ بنایا گیا، یہ بیانیہ بغاوت پر اکسانے کیلئے بنایا جا رہا ہے، ان کا صرف ایک ہی مقصد ہے جھوٹا بیانیہ بنا کر ایک اور 9 مئی برپا کیا جائے ۔