موٹروے پر بھیرہ کے قریب گاڑی سے پانچ افراد نیم بے ہوشی کی حالت میں موٹروے پولیس کو ملے جن میں سے چار دوران علاج جاں بحق ہوگئے۔
موٹروے پر پیٹرولنگ کے دوران موٹروے پولیس کو بھیرہ کے قریب گاڑی سے پانچ افراد نیم بے ہوشی کی حالت میں ملے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق تمام بے ہوش افراد کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال بھیرہ منتقل کیا گیا تاہم علاج کے دوران چار افراد جاں بحق ہوگئے تاہم ایک مریض ابھی تک بے ہوش ہے۔
جاں بحق ہونے والوں میں ساٹھ سالہ رومیلا، تیس سالہ مہوش، اٹھائیس سالہ ثمر اور چار سالہ عون شامل ہیں۔تیس سالہ عمر قاسم تاحال زیر علاج ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جو لاہور کے رہائشی ہیں اور اسلام آباد کی جانب سفر کررہے تھے۔
ڈاکٹر کےمطابق ہلاکتوں کی وجہ فوڈ پوائزننگ ہو سکتی ہے۔ پولیس اسٹیشن پھلروان نےمعاملے کی تفتیش شروع کردی ہے۔