اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی ) نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی ایکسپورٹ کرنے کی مشروط اجازت دے دی ۔
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی ایکسپورٹ کرنے کی مشروط اجازت دے دی گئی۔
اجلاس میں وزیر سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات و نجکاری عبدالعلیم خان، وزیر صنعت اور وزیر تجارت سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رواں مالی سال کے دوران آپریشن عزم استحکام کیلئے 20 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری بھی دی ۔
وزارت خزانہ کے مطابق چینی کی برآمد کے دوران درپیش طریقہ کار میں تاخیر سے بچنے کیلے یہ اقدام کیا گیا ہے کہ متعلقہ کین کمشنر کی طرف سے کوٹہ مختص کرنے کی تاریخ سے برآمدی اجازت کی مدت 45 دن سے بڑھا کر 60 دن کر دی گئی ہے۔ افغانستان کے علاوہ دیگر مقامات پر چینی کی برآمد کے لیے ایل سی کھولنے کے ساٹھ دنوں کے اندر برآمدی وصولیاں وصول کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
ای سی سی نے چینی کی برآمد کی اجازت سے ریٹیل قیمت کا بینچ مارک الگ کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔
ای سی سی نے مارکیٹ میں چینی کی صورت حال اور قیمتوں کی ماہانہ بنیاد پر نگرانی بھی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ای سی سی صورت حال کے مطابق اپنے فیصلے پر نظرثانی کی مجاز ہوگی جبکہ شوگر ایڈوائزری بورڈ سے دو ماہ کے اندر چینی کے شعبے میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی بھی طلب کر لی گئی۔
ای سی سی نے وزارت داخلہ کیلئے 27 کروڑ 62 لاکھ روپے گرانٹ کی منظوری بھی دی ۔
ریکوڈک منصوبے کے سیکیورٹی چارجز کی ادائیگی کے سلسلے میں ایف سی بلوچستان جنوبی کیلئے ایک رب 95 کروڑ روپے کی گرانٹ بھی منظور کر لی گئی۔