اسپین سے تعلق رکھنے والی دنیا کی معمر ترین انسان ماریا برانیاس موریرا 117 سال کی عمر میں چل بسیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کی معمر ترین شخصیت ماریا برانیاس موریرا 117 سال کی عمر میں چل بسی ہیں جس کی تصدیق ان کے اہلخانہ کی جانب سے جاری پیغام میں کی گئی ۔
ماریا برانیاس 1907 میں امریکہ میں پیدا ہوئی تھیں اور انہوں نے اپنی زندگی میں دو وبائی امراض اور دو عالمی جنگیں دیکھی ۔
ان کے اہلخانہ کی جانب سے جاری پیغام میں بتایا گیا کہ ان کا انتقال نیند کے دوران ہی ہوا۔
ماریا برانیاس موریرا گزشتہ دو دہائیوں سے نرسنگ ہوم میں مقیم تھیں اور انہوں نے ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ وہ خود کو کمزور محسوس کر رہی ہیں، وقت قریب ہے، میرے لئے رونا مت، مجھے آنسو پسند نہیں اور میں جہاں بھی جاؤں گی، مجھے خوشی ہوگی ۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے جنوری 2023 میں فرانسیسی راہبہ لوسائل رینڈن کی 118 سال کی عمر میں موت کے بعد باضابطہ طور پر برانیاس کو دنیا کے معمر ترین شخص کے طور پر تسلیم کیا تھا۔
امریکی جیرونٹولوجی ریسرچ گروپ کے مطابق اب سب سے زیادہ عمر رسیدہ شخص جاپان کے ٹومیکو ایٹوکا ہیں جو 23 مئی 1908 کو پیدا ہوئے اور ان کی عمر 116 سال ہے۔
برانیاس اپنی 113 ویں سالگرہ کے چند ہفتے بعد 2020 میں کوویڈ میں مبتلا ہوئیں، وہ گھر میں اپنے کمرے تک محدود تھی لیکن مکمل صحت یاب ہو گئی تھیں ۔
برانیاس نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کی ویب سائٹ کو بتایا تھا کہ ان کا خیال ہے کہ ان کی لمبی عمر کا راز سکون، خاندان اور دوستوں کے ساتھ اچھے تعلق، فطرت سے رابطہ، جذباتی استحکام، کوئی فکر، کوئی پچھتاوا، بہت زیادہ مثبتیت اور زہریلے لوگوں سے دور رہنا ہے ۔
اب تک زندہ رہنے والی سب سے عمر رسیدہ شخص جین لوئس کالمنٹ تھی، ان کا تعلق فرانس سے تھا اور وہ 1997 میں 122 سال اور 164 دن کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں ۔