اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی نئے توشہ خانہ کیس میں گرفتاری کے خلاف درخواست غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے خارج کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار کیس نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی گرفتاری کیخلاف درخواستوں پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا توشہ خانہ ریفرنس فائل ہو چکا ہے۔ اب ان کے پاس ضمانت بعد از گرفتاری دائر کرنے کا اختیار ہے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا عدالت پہلے ہی کہہ چکی ہے کال اپ نوٹسز مبہم تھے۔ توشہ خانہ تحائف کے کیس میں یہ دوسری کارروائی کر رہے ہیں۔ عدالت نے پراسیکیوشن سے کال اپ نوٹسز سمیت چار سوال پوچھے۔جب عدالت کے سامنے بنیادی حقوق کے سوال موجود تھے پھر یہ کیسے ریفرنس دائر کر سکتے تھے۔
دلائل سننے کے بعد عدالت نے توشہ خانہ کیس میں گرفتاری غیر قانونی قرار دینے کی بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی درخواستیں غیر مؤثر قرار دے کر خارج کر دیں۔