راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان کی سہولت کاری اور پیغام رسانی کے معاملے پر سیکیورٹی اداروں نے سہولت کاری میں ملوث جیل کے مزید 6 ملازمین کو تحویل میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق تحویل میں لیے گئے جیل ملازمین میں 2 خواتین بھی شامل ہیں، جن میں ایک خاتون سوئپر، لیڈی وارڈنز اور سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی کرنے والے اہلکار شامل ہیں جن سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحویل میں لیے گئے ملازمین کے زیر استعمال موبائل فون بھی ضبط کر لیے گئے جبکہ جیل کا لیڈی اسٹاف بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے لیے سہولت کاری میں ملوث رہا، جیل ملازمین کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ محمد اکرم، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ بلال اور ناظم شاہ سے تفتیش کی بنیاد پر تحویل میں لیا گیا۔
واضح رہے کہ 14 اگست سے اب تک سہولت کاری کے الزام میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ، 2 اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ سمیت 13 افراد تحویل لیے جا چکے ہیں۔