اقتصادی رابطہ کمیٹی ( ای سی سی ) نے وزیر اعظم ریلیف پیکج 2024-25ء جاری رکھنے کی منظوری دے دی ۔
جمعرات کو وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، وزیر تجارت، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن اور متعلقہ وفاقی سیکرٹریز نے شرکت کی۔
ای سی سی کے اجلاس میں مالی سال 25-2024کیلئے 50 ارب روپے ٹارگٹڈ سبسڈی کی منظوری دی گئی جبکہ صارفین کیلئے یوٹیلٹی اسٹورز پر نظرثانی شدہ قیمتوں اور سبسڈی کو بھی منظور کرلیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اعظم ریلیف پیکج 2024-25ء جاری رکھنے کی بھی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق مستحق خاندان کو ماہانہ 2734 روپے کے بجائے 3650 روپے سبسڈی ملے گی ۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق افراد پیکج سے مستفید ہوں گے جبکہ ریلیف پیکج کے تحت 5 بنیادی اشیاء پر سبسڈی دی جائے گی۔
یوٹیلٹی سٹورز پر چینی، گھی، آٹا، چاول اور دالوں پرسبسڈی ملے گی جبکہ سبسڈی کا اطلاق 30 جون 2024ء سے 31 جولائی 2025ء تک ہوگا ۔
اجلاس میں ویئر ہاؤسنگ اور لاجسٹک سیکٹر کو صنعت کا درجہ دینے کی بھی منظوری دی گئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق ای سی سی نے وزارت صنعت و پیداوار کی سمریز بھی منظور کر لیں ۔