گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو شیر پاکستان کا خطاب دیتے ہوئے ان کے لئے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کر دیا۔
گورنر ہاؤس کراچی میں یوم آزادی کے جشن کے حوالے سے تقریب کا انعقاد ہوا جس میں اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اور ڈاکٹر فاروق ستار بھی شریک ہوئے۔
تقریب میں معروف گلوکار عاطف اسلم بھی شریک ہوئے اور انہوں نے پرفارم بھی کیا۔
جشن کی تقریب میں 1 لاکھ سے زائد لوگوں نے قومی ترانہ پڑھ کر نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ میں نے اپنا وعدہ پورا کردیا ہے اور ارشد ندیم اور عاطف اسلم کو عوام کے سامنے کھڑا کر دیا ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ فخر پاکستان اور شیر پاکستان کو خوش آمدید کہتے ہیں، ارشد ندیم کو شیرپاکستان کا لقب دے رہے ہیں، ارشد نے ثابت کیا کہ یہ ایک شیر ہیں ، پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے پہلے ہمارے شیروں سے تو مقابلہ کریں۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کا شکریہ اور ان کی والدہ کے لیے درازی عمر کی دعا کی ہے، ارشد ندیم کی والدہ کے لیے آج تمغہ امتیاز کا اعلان کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کے ساتھ آج کے ہیرو ان کے کوچ بھی ہیں، ارشد ندیم کی والدہ کیلئے ستارہ امتیاز اور کوچ کیلئے تمغہ امتیاز کیلئے سفارش کروں گا۔
اس موقع پر ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ گورنرسندھ کا جتنا شکریہ ادا کروں کم ہے، انہوں نے بہت شاندار استقبال اور محبت دی، آپ سب کا لفظوں میں شکریہ ادا کرنا ممکن نہیں ۔