وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں 10 روزہ خصوصی پولیو ویکسینیشن مہم کے آغاز کے موقع پر بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم نے 1947 میں آزادی حاصل کی، لیکن ہم ابھی تک پولیو جیسی معذور کر دینے والی بیماری سے آزاد نہیں ہو سکے ہیں جو ہر سال ہمارے درجنوں بچوں کو معذور بنا رہی ہے، ہمیں پولیو سے مکمل اور مستقل آزادی کے حصول کے لیے اجتماعی کوششوں، عزم اور محنت کی ضرورت ہے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم کراچی کے حساس علاقوں میں بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کے لیے نئے اور درد سے پاک جیٹ انجیکٹرز کا استعمال کر رہے ہیں، جہاں ابھی بھی پولیو وائرس موجود ہے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ کراچی کے 85 یونین کونسلوں میں ہونے والی اس مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 11 لاکھ سے زائد بچوں کو بھی زبانی پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔