وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ گورنر فیصل کریم کنڈی کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں ہے ، وہ کسی کھاتے میں ہی نہیں ہیں۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ چین کی تاریخ پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہے، چین اپنی محنت اور ٹیلنٹ سے ایک بھرپور طاقت بن چکا ہے، چین اس وقت معیشت کا بڑا مرکز ہے، چینی سفارتخانہ سے گزارش ہے کہ کے پی میں ایک سیٹ اپ بنائے ہم سرکاری زمین دے سکتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ حب الوطنی انسان میں جذبہ پیدا کرتی ہے، ارشد ندیم نوجوانوں کے لیے مثال ہے، انہوں نے بھرپور جذبے سے میڈل جیتا، دوستوں کے ساتھ بات کر کے ارشد کو ذاتی حیثیت سے انعام دوں گا، سرکاری خرچے سے کچھ نہیں دے سکتا، اچھا تب ہوتا جب لوگ اپنی جیب سے ارشد ندیم کو پیسے دیں ۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ گورنر اپنا کردار ادا نہیں کر رہے، ان کو کہا ہے کہ آپ غلطی سے گورنر بنے ہیں ، وہ سارا دن بیٹھ کر سیاست کر رہے ہیں ، ان کے ساتھ کوئی مقابلہ نہیں وہ کسی کھاتے میں ہی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ معدینات صوبے کے لیے ریڑھ کی ہڈی بن سکتی ہیں، معدنیات سے متعلق بل پاس کرنا پڑے گا ۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری افسر مریم کو ٹک ٹاک بنانے کا کہہ رہے ہیں، پنجاب میں ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا، مینڈیٹ چوری کر کے مل گیا تو اب کام کریں، صرف ٹک ٹاک بنا رہے ہیں ۔