غزہ کی پٹی سے حماس نے اسرائیلی علاقوں میں 7 ہزار راکٹ داغ کر آپریشن کا آغاز کردیا، اس دوران 5 اسرائیلی فوجیوں سمیت متعدد افراد کو قیدی بنالیا گیا۔
تازہ اطلاعات کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایسی ویڈیوز گردش کررہی ہیں، جن میں صہیونی فوجیوں کو قیدی بنانے کے مناظر دکھائے جارہے ہیں۔
زیر گردش ایسی ہی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسرائیلی قیدیوں کو موٹر سائیکلوں پر غزہ کی پٹی میں لے جایا جارہا ہے جبکہ اسرائیلی فوج کی "جیپ" بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔
ان اطلاعات کے بعد غزہ کی سڑکوں سے نئے مناظر سامنے آئے ہیں کہ سینکڑوں فلسطینی پرجوش انداز میں نعرے لگارہے ہیں اور اس جنگ کے مال غنیمت کے طور پر اسرائیلی فوجیوں کو دیکھ کر خوشی منارہے ہیں۔
مشاهد متداولة لاختطاف عدد من الإسرائيليين وإدخالهم إلى قطاع #غزة باستخدام دراجات نارية.. ووسائل إعلام إسرائيلية تتحدث عن وقوع 35 أسيراً #إسرائيل #العربية pic.twitter.com/5IJRnkqYsF
— العربية (@AlArabiya) October 7, 2023
ویڈیو کلپس میں فلسطینی دھڑوں کو 5 اسرائیلی فوجیوں کو پکڑتے اور ان کے ساتھ غزہ کی پٹی میں گھومتے ہوئے فلسطینی نوجوانوں کے درمیان بھی دکھایا گیا، یہ نوجوان اسرائیلی فوجیوں کو لے جانے والی بس کے گرد جمع تھے۔
غزہ سے راکٹ داغے جانے، فلسطینی عسکریت پسندوں کے اسرائیلی بستیوں میں داخلے، اسرائیلی فوجیوں کو یرغمال بنانے اور اسرائیلی فورسز کے ساتھ جھڑپوں پر مشتمل ’’طوفان الاقصیٰ‘‘ کے نام سے حماس کے اس آپریشن نے دنیا کو حیران کردیا ہے۔
جس کے بعد اسرائیلی فوج نے بھی غزہ کی پٹی میں حماس کے اہداف کے خلاف آپریشن کا اعلان کردیا، آپریشن ’’ آہنی تلواروں‘‘ کے عنوان سے جوابی آپریشن میں غزہ کی پٹی پر فضائی بمباری کا کی جارہی ہے جبکہ علاقے سے سینکڑوں افراد نے نقل مکانی کرلی ہے۔