کوئٹہ میں ایف سی چیک پوسٹ اور پولیس اسٹیشن پر دستی بم کے حملوں میں متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعہ سریاب کے علاقے میں نامعلوم افراد ایف سی چیک پوسٹ کے قریب دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے، دھماکے میں تین اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ایف سی اسپتال منتقل کردیا ۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمی اہلکاروں کو چھرے لگنے سے جسم کے مختلف حصوں میں زخم آئے ہیں تاہم حالت خطرے سے باہر ہے۔ واقعے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
دوسری جانب گزشتہ رات گوالمنڈی تھانے پر نامعلوم شخص نے دستی بم پھینکا جو تھانے کے اندر مین گیٹ کے قریب گرکر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا ۔ دھماکے کے نتیجے میں گیٹ پر موجود کانسٹیبل سمیت دو افراد زخمی ہوگئے ۔ واقعے کے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے سول اسپتال کے ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کی شناخت کانسٹیبل محمد زمان اور ہوٹل ملازم نورجان کے نام سے ہوئی ۔ زخمیوں کے حالت خطرے سے باہر ہے ۔ طبی امداد فراہم کرنے کے بعد دونوں زخمیوں کو ڈسچارج کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق دھماکے سے تھانے میں موجود موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کو بھی جزوی نقصان پہنچا ہے۔ دوسری جانب پولیس اورسی ٹی ڈی کی ٹیم نے سی سی ٹی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔