سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ یہ نظام ایسے نہیں چلے گا ، نئے پاکستان کی ابتدا ہوچکی ہے۔
لاہور میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ اتنی بے انصافی کے ساتھ یہ نظام نہیں چل سکتا، صرف 9 مئی بڑا حادثہ نہیں ہے ، اگرتحقیقات کرنی ہے تو سب کی کریں۔
محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ 12 مئی کو کراچی میں چیف جسٹس کے آنے پر دن دیہاڑے گولیاں ماری گئیں ، ملک دو ٹکڑے ہوگیا ،ان معاملات کی تحقیقات بھی ہونی چاہییں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو انصاف اور روٹی نہیں دے سکتے انہیں حکومت کرنے کا کوئی حق نہیں، بانی پی ٹی آئی سب سے بڑی جماعت کا سربراہ ہو کر جیل میں ہے، بڑا سیاسی ظرف ہوتا اگر وزیر اعظم شہباز شریف ان کی رہائی کا بندوست کرتے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا آزادی لینے کا مقصد حق حکمرانی کا حصول تھا، یہ نظام ایسے نہیں چلے گا ، نئے پاکستان کی ابتدا ہوچکی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تحفظ آئین پاکستان اتحاد کسی کی حکومت گرانے کیلئے نہیں بنا، ہمارا ملک دن بدن تنزلی کی طرف جا رہا ہے۔