ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو اسرائیل پر حملے سے گریز کا مشورہ دیا۔
ایرانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو اسرائیل پر حملہ کرنے سے گریزکرنے کا مشورہ دیا ہے۔ گزشتہ روز امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ عرب ممالک کی سفارتی کوششوں کی وجہ سے ممکن ہےایران اسرائیل پرحملے سے گریز کرے تاہم الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ایران کےاعلیٰ عہدیدار نے خبر کی تردید کی اور کہا غزہ میں جنگ بندی اوراسماعیل ہنیہ کے قاتلوں کو سزا دینا ایران کی اولین ترجیح ہے۔
دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان اورفرانسیسی ہم منصب ایمانوئل میکرون کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ فرانسیسی صدرنے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق صدر پزشکیان نے کہا اسرائیل نے ایران کے سرکاری مہمان پر حملہ کرکے مشرق وسطیٰ میں جنگ کو ہوا دی ۔ اسرائیل خطے میں آگ اور خون کی ہولی کھیلنا چاہتا ہے۔ امریکا اورمغرب صہیونی حکومت کی جارحیت کی مذمت کرنے کے بجائے دہشت گردی کی حمایت کررہے ہیں۔