سری لنکا نے بھارت کو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 110 رنز سے شکست دے کر تین میچز پر مشتمل سیریز اپنے نام کرلی۔
واضح رہے کہ سری لنکا نے بھارت کے خلاف 27 سال بعد ون ڈے سیریز جیتی ہے۔
سری لنکا اور بھارت کی ٹیمیں ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں کولمبو میں مدمقابل تھیں جہاں میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنائے اور بھارتی ٹیم کو جیت کے لئے 249 رنز کا ہدف دیا۔
سری لنکا کی جانب سے ایوشکا فرنینڈو نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 96 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ بھارت کی طرف سے ریان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں بھارت کی مکمل ٹیم 26.1 اوورز میں 138 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور 110 رنز کے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارت کی جانب سے کپتان روہت شرما 35 اور واشنگٹن سندر 30 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔
سری لنکا کی جانب سے دنیتھ ویلالاگے نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔