سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش میں عوامی احتجاج سے سبق سیکھنا چاہیے جہاں اقتدار کو طول دینے کیلئے دھاندلی کی گئی۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان نے کہا کہ نام نہاد جمہوریت نے وہاں آئین کی خلاف ورزی کی ، جب آپ عوام کی رائے کی نفی کریں گے تو پھر وہ ہوگا جو بنگلہ دیش میں ہوا وہاں صرف نوکریوں کے کوٹے پر یہ حالات ہوئے، بنگلہ دیش کے واقعے سے ہمیں سبق سیکھنا چاہیے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ پہلے دعوت دے کر آئی پی پیز لگوائے گئے ۔ آج ان پر الزامات لگائے جارہے ہیں، آئی پی پیز میں باہر سے آکر لوگ سرمایہ کاری کررہے تھے، آج انہیں کرپٹ کہنے کا جواز نہیں بنتا، کہا آئی پی پیز کے معاملے پر موقف واضح ہے، آئی پی پیز میں جس جس سے معاہد کیے انکے نام سامنے لائے جائیں۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان واحد ملک ہے جس کا احتساب کا ادارہ خود قابل احتساب ہے ، معیشت کی کمزوری سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ہے۔ پاکستان واحد ملک ہے جس کا احتساب کا ادارہ خود کرپٹ ہے ، بارہ بارہ سال سے لوگوں کے کیسز چل رہے ہیں کوئی حقیقت نہیں، آپ اس نیب کے ادارے کو رکھیں گے تو ملک نہیں چلے گا، کل یہ نیب آپ کے خلاف استعمال ہوگا۔