وی آئی پی شخصیات کی سیکیورٹی پر ماہانہ 4 کروڑ 78 لاکھ روپے سے زائد اخراجات کا انکشاف ہوا ہے۔ 44 سرکاری گاڑیاں اور 532 پولیس افسران اور اہلکار صرف ججز، وزرا اور بیورکریٹس کی سیکیورٹی پر تعینات ہیں۔ وفاقی وزارت داخلہ نے تفصیلات پارلیمنٹ میں پیش کردیں۔
ایک طرف معاشی مشکلات کا ڈھنڈورا پیٹ کرعوام سے مسلسل قربانی کی اپیلیں دوسری جانب وزرا،ججز اور بیورو کریسی کی سیکیورٹی اور پروٹوکول پر ماہانہ کروڑوں روپے پھونکنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
صرف ایک ماہ میں اربوں ڈالر کی مقروض قوم کے 4 کروڑ 78 لاکھ 85 ہزار سے زائد روپے اہم شخصیات کی سیکیورٹی پر خرچ کردئیے گئے جن کا 77 فیصد یعنی 3 کروڑ 68 لاکھ 83 ہزار صرف اعلٰی عدلیہ کے جج صاحبان کی سیکیورٹی پر صرف ہوئے۔ وفاقی وزارت داخلہ نے تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردیں۔ دستاویز کے مطابق ججز کی سیکیورٹی کے لیے 34 گاڑیوں کے ساتھ 409 اہلکار تعینات ہیں۔
سرکار کے بڑے نوکروں یعنی بیوروکریٹس کی حفاظت کے لیے 6 گاڑیاں اور79 اہلکار تعینات ہیں۔ اُن پر مجموعی طور پر 69 لاکھ سے زائد کے اخراجات آئے۔ 4 گاڑیاں اور 44 سیکیورٹی اہلکار وزرا کی حفاظت پر مامور ہیں۔وزرا کی سیکیورٹی پر 40 لاکھ 68 ہزار روپے سے زائد اخراجات آئے۔۔ پیٹرول اور گاڑیوں کی مرمت کے علاوہ سیکیورٹٰی اہلکاروں کی تنخواہ بھی ان اخراجات میں شامل ہے۔