خیبر پختونخوا کابینہ کا اجلاس آج وزیر اعلیٰ علی امین گنڈہ پور کی زیر صدارت ہورہا ہے۔ جس میں پشاور سے تعلق رکھنے والے وزراء کو دو لاکھ روپے ماہانہ سبسڈی دینے کی منظوری دی جائے گی ۔ بلدیاتی اداروں کے چیئرمینوں کے اعزازیہ بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا جائےگا ۔
کابینہ ایجنڈے کے ٹاپ پر خیبر پختونخوا کابینہ ممبران کی تنخواہوں اور الائونسز کا ترمیم بل ہے ،جس کی آج منظوری دی جائے گی جس کے بعد دیگر اضلاع کی طرح پشاور کے صوبائی وزراء کو بھی ماہانہ دو لاکھ روپے ہائوس سبسڈی کی مد میں ملیں گے۔
بلدیاتی نمائندوں کا اعزازیہ بڑھانے کے حوالے سے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم بھی زیر غور لائی جائیں گی، جانورں کے تحفظ ،اور لائیو سٹاک بریڈنگ سروسز بل کی منظوری بھی دی جائے گی ۔ضلع سوات، لوئر و اپرچترال اور لوئرواپردیر میں گندم کی خریداری کے طریقہ کار کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
ضم قبائلی اضلاع کے اسپتالوں میں میڈیکل آفیسرز کی بھرتی اور دیگر بھرتیوں میں نرمی کی منظوری بھی دی جائے گی ۔سرکاری ملازمین کی پوسٹنگ ٹرانسفر کے رولز میں ترامیم بھی زیر غور لائی جائیں گی۔ محکمہ تعلیم میں کے مختلف کیڈر کی اپگریڈیشن پر بھی فیصلہ کیا جائے گا۔
کابینہ پولیس اور سی ٹی ڈی کے لئے بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کی منظوری بھی دے گی ۔گومل زام ڈیم کیلئے چالیس کروڑ روپے اور پشاور کی مسجد مہابت خان کی مرمت اور بحالی کیلئے اضافی فنڈز کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔