عراق میں امریکا کے فوجی اڈے پر دو راکٹ حملوں میں متعدد امریکی فوجی زخمی ہوگئے۔
پینٹاگون نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا امریکا کی عین الاسد ایئربیس پردوراکٹ حملے کیے گئے جن میں سے ایک راکٹ بیس کے اندر گرا۔ جس سے کئی فوجی زخمی ہوئے۔ امریکی وزیردفاع لائیڈ آسٹن نے خطے میں جاری کشیدگی کو خطرناک قرار دے دیا ہے۔
دوسری جانب مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث امریکی صدر جوبائیڈن نے قومی سلامتی ٹیم سے ملاقات کی۔ امریکی صدر جوبائیڈن اور نائب صدر کملاہیرس کو سچویشن روم میں قومی سلامتی ٹیم نےمشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر بریفنگ دی۔ امریکی صدر کو بتایا گیا کہ اسرائیل پرایران کےممکنہ حملے کا وقت معلوم نہیں، اسرائیل کےتحفظ کیلئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
تل ابیب میں امریکی سینٹ کام کمانڈر نے اسرائیلی وزیردفاع اور آرمی چیف سے ملاقاتیں کیں۔۔ ادھر تہران میں ایرانی صدر سےروسی قومی سلامتی کےسیکرٹری نےملاقات کی۔ اور دوطرفہ دفاعی تعلقات کےفروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
روسی عہدیدار نے ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ سے بھی ملاقات کی۔ امریکی اخبار کے مطابق تہران کی درخواست پر روس نے ایران کو جدید ریڈار اور فضائی دفاعی آلات کی فراہمی شروع کردی جبکہ امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے مشرق وسطیٰ نازک صورتحال سے گزررہا ہے۔ فریقین غزہ میں جنگ بندی معاہدے میں تاخیرنہ کریں۔۔ تشدد کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے۔