برطانوی حکومت نے لبنان میں موجود برطانوی شہریوں کو ملک سے انخلا کی ہدایت کر دی ۔
عرب خبر رساں ادارے الجزیرہ کے مطابق برطانیہ کی حکومت نے لبنان میں اپنے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ہر طرح کی جنگ اور وسیع تر علاقائی تنازعے کے خوف کے درمیان فوری طور پر ملک چھوڑ دیں۔
اس حوالے سے سیکرٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی نے ایک بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’’ خطے میں تناؤ بہت زیادہ ہے اور صورتحال تیزی سے بگڑ سکتی ہے۔‘‘
سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم لبنان میں اپنی قونصلر موجودگی کو مضبوط بنانے کے لیے 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں، وہاں موجود برطانوی شہریوں کے لیے میرا پیغام واضح ہے کہ ’’ ابھی چلے جائیں ۔ ‘‘
یاد رہے کہ 31 جولائی کو ایران کے دارالحکومت تہران میں سابق فوجیوں کے لیے بنائی گئی پاسداران انقلاب کی ایک محفوظ ترین عمارت میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو پُراسرار انداز میں نشانہ بنایا گیا تھا۔
اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ایران اور حماس نے حملے کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرایا ہے جبکہ تل ابیب نے تمام الزامات کو مسترد کر دیا تھا ۔
ایران نے اسماعیل ہینہ کی شہادت کا بدلہ لینے کے لئے اسرائیل پر حملے کا اعلان کر رکھا ہے جس کے باعث مشرق وسطیٰ کی صورتحال تشویش کا شکار ہے۔