آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن جامعہ پنجاب نے مطالبات کے حق میں قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان کردیا۔
اعلامیے کے مطابق راؤ طاہر رفیق (ایڈیشنل خزانہ دار) کے ساتھ ہونے والے بدتمیزی کے حوالے سے آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کا تیسرا ہنگامہ اجلاس (آج 29 جولائی) کو جوائنٹ سیکیرٹری کے آفس میں منعقد ہوا، اجلاس میں راؤ طاہر رفیق کے ساتھ ہونے والے بدتمیزی اور گالم گلوچ کی ایک بار پھر سے شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔
اجلاس میں ایسوسی ایشن کے ممبران نے جامعہ پنجاب کی صورتحال کا بھی بغور جائزہ لیا اور آنر ریم، ہاؤس ریکوزیشن، ڈیلی ویجز وغیرہ پر کٹوتی ہونے کی صورت میں احتجاج کا عندیہ بھی دیا۔ ممبران نے کٹوتی کے بجائے مالی وسائل کو بڑھانے پر زور دیا اور اس سلسلے میں لائحہ عمل پر اتفاق بھی کیا۔
اجلاس میں اس بات کا بھی بغور جائزہ لیا گیا کہ کچھ عناصر آفیسرز اور ملازمین کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرکے صورتحال کو سنگینی کی طرف لیجانا چاہتے ہیں۔ لہذا آفیسرز ایسوسی ایشن متفقہ طور پر وائس چانسلر اور رجسٹرار سے مطالبہ کرتی ہے کہ (بروز جمعہ 26 جولائی) کو کیے گئے وعدے کے مطابق راؤطاہر رفیق کے شکایت پر فی الفور غیر جانبدارانہ انکوائری کی جائے اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ آفیسرز ایسوسی ایشن نے آج سے مطالبات کے حق میں قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان کرتی ہے۔