خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس میں حکومتی ارکان نے اسلام آباد واقعے پر صوبے بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔
جمعرات کی شام اچانک بلائے گئے خیبر پختونخوا اسمبلی اجلاس کے لئے یوں تو نو بجے کا وقت مقرر تھا لیکن اجلاس شروع ہونے میں تاخیر نے جہاں افواہوں اور چہ میگوئیوں کو جنم دیا وہیں اس سے بہت ہی سنجیدہ نوعیت کے نتائج کی توقعات پیدا ہوگئیں۔ خدا خدا کرکے اجلاس سوا گھنٹے کی تاخیر سے آخر کار شروع ہوہی گیا ۔
اجلاس شروع ہونے کے بعد سپیکر بابر سلیم نے اسلام آباد ڈی چوک میں وفاقی حکومت کے رویے پر افسوس کیا ۔ وزیرقانون آفتاب عالم نےاسلام آباد میں پیش آنے والے واقعات کے خلاف تین روزہ حکومتی سوگ کا اعلان کیا ۔
یوں تو اجلاس میں اپوزیشن اراکین بھی موجود تھے تاہم اسپیکر نے ان میں سے کسی کو بولنے کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر صوبائی وزیرہاوسنگ ڈاکٹر امجد نے کرم اور اسلام آباد میں جاں بحق افراد کے لئے فاتحہ خوانی کی جس کے بعد اجلاس آج شام سات بجے تک ملتوی کردیا گیا۔